بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 12 دہشت گرد ہلاک، بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

اسلام آباد ( آئی ایس پی آر ) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انسدادِ دہشت گردی مہم کے تحت کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ کارروائیاں 20 سے 23 نومبر کے دوران نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ کے اضلاع میں عمل میں لائی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق 20 نومبر کو ضلع نوشکی میں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ 21 نومبر کو ضلع سبی میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے دوران کی گئی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
اسی طرح 22 اور 23 نومبر کو پنجگور اور کیچ کے اضلاع میں کی جانے والی دو الگ الگ جھڑپوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کر کے مزید 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں