اسلام آ باد ( خبردار نیوز )پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی سے متعلق زیر گردش جھوٹی خبروں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے خطے میں بڑھتی کشیدگی اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی رپورٹس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ نے ایسی متعدد خبروں کا نوٹس لیا ہے جن
میں نام نہاد سرکاری ذرائع کے حوالے سے علاقائی تنازع اور پاکستان کی امن کوششوں کے بارے میں بے بنیاد دعوے کیے گئے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان تمام الزامات کو مکمل طور پر رد کیا جاتا ہے کیونکہ یہ حقائق پر مبنی نہیں اور غلط طور پر سرکاری ذرائع سے منسوب کیے گئے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ
تشویشناک ہے کہ جمعہ کو دی گئی بریفنگ کو غلط انداز میں پیش کیا گیا اور ایسے نکات شامل کیے گئے جن پر کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔
ترجمان نے مبینہ حکومتی نمائندے سے منسوب الزام تراشی پر مبنی خبروں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حساس علاقائی حالات میں سفارتکاری انتہائی ذمہ داری اور احتیاط کی
متقاضی ہے۔
انہوں نے میڈیا اداروں سے درخواست کی کہ رپورٹنگ میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور قیاس آرائیوں سے اجتناب کریں، جبکہ مستند معلومات کے لیے صرف سرکاری بیانات اور جاری کردہ
پریس ریلیزز پر ہی انحصار کیا جائے۔