اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے عازمینِ حج کے لیے ایک اہم ریلیف کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اب ملک بھر کے 10 حاجی کیمپوں میں تربیت، ویکسی نیشن اور سفری دستاویزات سمیت تمام مراحل ایک ہی دن میں مکمل کیے جائیں گے۔
اس اقدام کا مقصد عازمین کے وقت اور اخراجات میں کمی لانا ہے، جس سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 19 ہزار سے زائد افراد فائدہ اٹھائیں گے۔ حج آپریشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز (کل) بدھ سے ہوگا، جس کے دوران اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ، سکھر اور رحیم یار خان میں قائم حاجی کیمپ فعال رہیں گے۔
ون ونڈو آپریشن کے تحت عازمین کو ایک ہی مقام پر حج تربیت، لازمی ویکسی نیشن، ہوائی ٹکٹ، ویزا، شناختی لاکٹ، لگیج ٹیگز اور ادویات کی پیکنگ سمیت تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ انہیں مختلف دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
ترجمان مذہبی امور عمر بٹ کے مطابق ویکسی نیشن اور تربیتی سیشن کا مکمل شیڈول “پاک حج ایپ” پر دستیاب ہے۔
وزارت نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ حاجی کیمپ جاتے وقت اپنا اصل قومی شناختی کارڈ اور تصویر والی کمپیوٹرائزڈ بینک رسید ضرور ساتھ لائیں، جبکہ سہولت کے پیش نظر کیمپوں میں کرنسی کے تبادلے کے لیے بینکوں کے خصوصی کاؤنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔