کوئٹہ: چہلم حضرت امام حسینؓ کی سیکیورٹی، موبائل فون سگنلز اور انٹرنیٹ سروس عارضی طور پر معطل

کوئٹہ ( خبردارنیوز ) حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے چہلم کے جلوسوں اور مجالس کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سگنلز اور انٹرنیٹ سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ کی تصدیق محکمہ داخلہ بلوچستان کے حکام کے مطابق یہ اقدام سیکیورٹی کے انتہائی حساس خدشات اور روایتی جلوسوں کے راستوں پر امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ شہر میں تخریب کاری کے خطرات سے نمٹنے اور جلوس کے شرکاء کی جان و مال کی حفاظت کے پیش نظر مواصلاتی نیٹ ورک کو عارضی طور پر بند کرنا ناگزیر تھا۔
دوسری جانب موبائل ڈیٹا اور سیلولر سروس اچانک معطل ہونے کی وجہ سے کوئٹہ کے شہریوں کو رابطوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بالخصوص انٹرنیٹ کی بندش سے کاروباری سرگرمیاں، آن لائن خدمات اور روزمرہ کے امور عارضی طور پر معطل ہو کر رہ گئے ہیں۔ بحالی کا عمل انتظامیہ کے مطابق مواصلاتی سروسز چہلم کے جلوسوں کے اختتام اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے مکمل کلیئرنس ملنے کے بعد مرحلہ وار بحال کر دی جائیں گی۔
سیکیورٹی کے پیش نظر جلوس کے روٹس پر پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں