تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور پوپ لیو کے درمیان ایک اہم ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں خطے کی صورتحال اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف کی جانے والی جارحیت پر پوپ لیو کے منصفانہ موقف کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ پوپ لیو نے ان حملوں کے خلاف ایک مضبوط اخلاقی اور منصفانہ موقف اپنایا ہے۔
ایرانی صدر نے گفتگو کے دوران واضح کیا کہ ایران پر یہ حملے جھوٹے بہانوں کے تحت کیے گئے، جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
پوپ لیو نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ یہ کارروائیاں اس وقت کی گئیں جب تہران اور واشنگٹن کے درمیان سفارتی مذاکرات جاری تھے۔
صدر مسعود پزشکیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر نے ایران کی تاریخی تہذیب کو تباہ کرنے اور اسے پتھر کے دور میں واپس لے جانے کی بات کی تھی، جو ان کے طاقت کے غلط تصور اور جارحانہ رویے کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی موجودہ پالیسیاں نہ صرف ایران بلکہ بین الاقوامی قوانین، انسانی اقدار اور مذہبی تعلیمات کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ بن چکی ہیں۔