وفاقی حکومت نے عید سے قبل عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 22، 22 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
نئی قیمتوں کے مطابق پیٹرول 381 روپے 78 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر دستیاب ہوگا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے آئندہ ایک ہفتے کے لیے ہوگا۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ اعلامیے کے مطابق گزشتہ ہفتے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ معاشی گنجائش پیدا ہوتے ہی ریلیف دیا جائے گا، جس پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق عالمی سطح پر تیل کے شدید بحران کے باوجود حکومت نے بروقت فیصلوں کے ذریعے ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی یقینی بنائی اور 130 روپے سے زائد فی لیٹر سبسڈی دے کر قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام تک منتقل ہونے سے روکا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پبلک ٹرانسپورٹ، مال بردار گاڑیوں، موٹرسائیکل اور رکشہ چلانے والوں کو بھی ایندھن کی مد میں سبسڈی فراہم کی گئی، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے عوامی ریلیف کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔

Leave a Reply