کوئٹہ ( خبردار نیوز ) جامعہ بلوچستان کے 99ویں سنڈیکیٹ اجلاس کا انعقاد، مالیاتی اور تدریسی اصلاحات کی منظوری
تعلیمی معیار، شفاف مالیاتی نظام اور ریسرچ کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں، وائس چانسلر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی؛ سنڈیکیٹ کا مکمل تعاون کا عزم
جامعہ بلوچستان کا 99واں سنڈیکیٹ اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں یونیورسٹی کے تعلیمی، مالی اور انتظامی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کے دوران یونیورسٹی کے نظام کو جدید بنانے اور مختلف شعبوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں اکیڈمک کونسل، فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی اور سلیکشن بورڈز کے منٹس (فیصلوں) کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی میں پیپر لیس ماحول اور شفافیت کے فروغ کے لیے “ای آفس سسٹم” (e-Office System) کے نفاذ اور مختلف اداروں کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) سے متعلق امور بھی ایجنڈے کا حصہ رہے۔
شرکاء نے جامعہ کے مالیاتی معاملات، فیکلٹی امور، نئے تدریسی پروگرامز اور موجودہ پالیسیوں پر نظرثانی کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے کہا کہ جامعہ بلوچستان تعلیمی معیار کی بلندی، شفاف مالیاتی نظام کے قیام اور معیاری تحقیق (Research) کے فروغ کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ یونیورسٹی کو تدریس، تحقیق اور جدت کے میدان میں مزید ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔
سنڈیکیٹ کے اراکین نے وائس چانسلر کی قیادت اور ان کے حالیہ اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے جامعہ کی ترقی اور صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔