​پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے غیر سفارتی اور بے بنیاد بیان کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کر دیا

​اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کی جانب سے دیے گئے بیان کو غیر سفارتی اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے یکسر مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق بھارتی ریمارکس نہ صرف اقوام متحدہ کے چارٹر کے منافی ہیں بلکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں صریح مداخلت بھی ہیں۔
​ترجمان دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی ردِعمل میں کہا گیا کہ بھارت نے آبی دہشت گردی جیسے سنجیدہ معاملے پر بات کرنے کے بجائے پاکستانی اداروں اور قیادت کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کیے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارت اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کو جھوٹ اور گمراہ کن معلومات پھیلانے کے لیے استعمال کر رہا ہے اور ریاستی پالیسی کے طور پر گمراہ کن پروپیگنڈے اور دہشت گردی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔
دفترِ خارجہ نے الزام عائد کیا کہ پاکستان کے معدنی وسائل کی ترقی کے خلاف بھارت کی دشمنی کھل کر سامنے آ چکی ہے۔
ترجمان کے مطابق بھارت مسلسل پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے اور بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی سرپرستی کر کے پاکستان کی معدنی ترقی کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، جس کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
بیان میں آبی تنازعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ بھارت مشترکہ آبی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے اور اس کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل رکھنا ایک غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ثالثی عدالت کے فیصلے سے انکار بھارت کی بین الاقوامی ذمہ داریوں پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے، کیونکہ بھارت ہمسایہ ممالک کی خودمختاری اور بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ میں جھوٹ پھیلانے کے بجائے مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔
بیان کے مطابق بھارت ایک متنازع علاقے پر جبری قبضہ برقرار رکھے ہوئے ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کئی دہائیوں سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں ملوث ہیں، جبکہ کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقِ خودارادیت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
​بھارت میں اقلیتوں سے سلوک اور عالمی تنہائی
دفترِ خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت ہندوتوا نظریے سے متاثر مذہبی انتہا پسندی اور فاشسٹ طرزِ حکمرانی کی جانب گامزن ہے، جہاں مذہبی بنیاد پرست حکومت برسرِ اقتدار ہے اور مسلمان، سکھ، مسیحی اور دلت اقلیتوں کے خلاف منظم امتیازی سلوک کی سرپرستی کی جا رہی ہے۔
​ترجمان نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ بھارت کی جانب سے الزامات عائد کرنا اور حقائق کو مسخ کرنے کی کوششیں دراصل عالمی سطح پر اپنی تنہائی کو چھپانے کی ایک ناکام کوشش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں