عائشہ گلامنہ قتل کیس: والد اور بھائی سمیت 5 افراد گرفتار
راولپنڈی پولیس نے سوشل میڈیا شخصیت شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کے قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت کا دعویٰ کرتے ہوئے مقتولہ کے والد اور حقیقی بھائی سمیت پانچ افراد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں مقتولہ کے والد فضل، بھائی بشیر، چچا زاد بھائی احسان، والد کے چچا روزی خان اور چچا زاد بھائی کا بیٹا یاسین شامل ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز طارق محبوب کے مطابق تفتیش کے دوران پولیس کو شواہد ملے کہ مقتولہ کے والد اور بھائی نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر عائشہ کو قتل کروایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد قانون کو گمراہ کرنے کے لیے واقعے کو مختلف انداز میں پیش کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔
پولیس کے مطابق سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایت پر کیس کی تفتیش کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔ تفتیشی ٹیموں نے 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لینے کے علاوہ دیگر ذرائع سے بھی معلومات اکٹھی کیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مقتولہ کے والد اور بھائی کو بھی شاملِ تفتیش کیا گیا، جہاں پولیس کے مطابق دونوں نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کروانے کا اعتراف کیا۔
نوٹ: پولیس کے دعوے کے مطابق، مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے