کوئٹہ (خبردار نیوز ڈیسک)بلوچستان حکومت کی جانب سے صحت کے شعبے میں کی جانے والی اصلاحات کے مثبت اثرات نمایاں ہونے لگے ہیں،
جہاں عوام کے ساتھ ساتھ اب اراکینِ صوبائی اسمبلی بھی علاج کے لیے بیرونِ صوبہ جانے کے بجائے مقامی سرکاری اسپتالوں پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں سابق صوبائی وزیرِ صحت اور موجودہ رکن صوبائی اسمبلی (MPA) میر رحمت صالح بلوچ کی سول سنڈیمن پروونشل اسپتال کوئٹہ کے شعبہ امراضِ قلب میں کامیاب اینجیو پلاسٹی کی گئی۔
کامیاب علاج کے بعد میر رحمت صالح بلوچ نے سول اسپتال میں فراہم کی جانے والی معیاری اور جدید طبی سہولیات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی اسپتالوں میں معیاری طبی سہولیات کی دستیابی کے باعث اب بلوچستان کے عوام کو علاج معالجے کے لیے کراچی یا دیگر اضلاع کا رخ کرنے کی تکلیف اور اضافی اخراجات سے نجات مل رہی ہے۔
اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے ہمراہ سول سنڈیمن پروونشل اسپتال کا دورہ کیا
اور زیرِ علاج MPA میر رحمت صالح بلوچ کی عیادت کی۔
وزیراعلیٰ نے ان کی مزاج پرسی کی اور جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات اور سرکاری اسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا بنیادی مقصد شہریوں کو دوسرے شہروں میں علاج کروانے کی زحمت سے بچانا ہے۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ حکومت سرکاری اسپتالوں میں طبی سہولیات اور علاج کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ بلوچستان کا ہر شہری اپنے ہی صوبے میں بروقت اور معیاری علاج کی سہولت سے مستفید ہو سکے۔