اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے درمیان اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں فلسطین، جموں و کشمیر، افغانستان، انسداد دہشت گردی اور کثیرالجہتی نظام کے مستقبل سمیت علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو جموں و کشمیر اور سندھ طاس معاہدے سے متعلق پاکستان کے مؤقف سے بھرپور انداز میں آگاہ کیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازع کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے پاکستان کے دیرینہ مطالبے کا اعادہ کیا۔
سینیٹر اسحاق ڈار نے خطے میں مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں کلیدی سہولت کاری کی۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی سب سے مؤثر اور بہترین ذریعہ ہیں۔
اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی امن کے لیے اقوام متحدہ کے مشنز میں پاکستان کی دیرینہ اور گراں قدر خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا۔
انہوں نے خطے میں مذاکرات، ثالثی اور کشیدگی میں کمی کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی بھی بھرپور تعریف کی۔