گوادر پورٹ اتھارٹی کا اہم اقدام، گوادر ایمبولینس سروس کے حوالے نئی ایمبولینس کر دی گئی

گوادر (خبردارنیوز): گوادر پورٹ کی جانب سے شہریوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں ایک اور عملی قدم اٹھایا گیا ہے۔ چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ نے باضابطہ طور پر ایمبولینس کے کاغذات گوادر ایمبولینس سروس کے حوالے کر دیے۔
تقریب کے دوران چیئرمین گوادر پورٹ کو ایمبولینس سروس کی ضروریات اور علاقے میں موجود طبی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نورالحق بلوچ کا کہنا تھا کہ ہنگامی حالات میں مریضوں کو بروقت طبی امداد اور ہسپتالوں تک منتقلی انتہائی اہم ہے، اور اس نئی ایمبولینس کی فراہمی سے شہریوں کو ہنگامی طبی سہولیات ملنے میں نمایاں بہتری آئے گی۔
انہوں نے مزید یقین دہانی کرائی کہ ایمبولینس سروس کو ہر ممکنہ تعاون فراہم کیا جائے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ایمبولینس کا مؤثر استعمال کر کے گوادر کے شہریوں کو بروقت بہترین سہولت فراہم کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں