سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز: بلوچستان میں 5 اور شمالی وزیرستان میں 13 دہشتگرد جہنم واصل

اسلام آباد ( آئی ایس پی آر ) مستونگ اور شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز نے ملک بھر سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔
آپریشن “ردالفتنہ 3” اور “عزم استحکام” ویژن کے تحت ملک کے مختلف حصوں میں کیے جانے والے انٹیلی جنس بیسڈ اور موثر آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 18 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے ہیں۔
بلوچستان (مستونگ آپریشن):
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقوں سیاپشت اور کلی گشتری میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں 5 دہشتگرد جہنم واصل ہو گئے۔
کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے خاتمے اور فرار ہونے والے دیگر عناصر کی تلاش کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔
ذرائع کا عزم ہے کہ بلوچستان سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی۔
خیبر پختونخوا (شمالی وزیرستان آپریشن):
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے عزم استحکام ویژن کے تحت ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے 13 خوارج کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے شمالی وزیرستان اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے خفیہ ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی تھی، جس کے بعد یہ فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں