صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم کا سیکورٹی فورسز کو کامیاب آپریشن

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے شہید میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
​ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم “فتنہ الہندوستان” کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
انہوں نے دہشت گردوں کے حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواجِ پاکستان کے افسران اور جوانوں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
صدر زرداری نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں اور بزدلانہ حملے سیکیورٹی اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
​دوسری جانب وزیرِ اعظم نے بھی بلوچستان کے علاقوں کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں کامیاب آپریشنز، ایک خودکش بمبار سمیت 8 دہشت گردوں کی ہلاکت اور بھاری اسلحے کی برآمدگی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیرِ اعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن معصوم شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنا کر خطے کا امن سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہا ہے،
تاہم مسلح افواج دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں