کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کرم میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج اور دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں انتہائی قابلِ تحسین ہیں۔ شاہد رند نے بتایا کہ 3 نومبر سے جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
معاون اطلاعات نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی ان کارروائیوں کے نتیجے میں دہشت گرد عناصر کا خاتمہ کیا گیا ہے جبکہ ان کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ دہشت گردی کی بیخ کنی اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کا عزم اور قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ بھارتی سرپرستی میں پاکستان اور بلوچستان میں بدامنی پھیلانے والی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا جائے گا اور کسی کو بھی ملک کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت ویژن “عزمِ استحکام” دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ایک مؤثر اور جامع حکمت عملی ہے۔
بیان کے آخر میں انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کی مکمل بیخ کنی تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
ملک دشمن عناصر کے خلاف پوری قوم اور تمام ریاستی ادارے ایک پیج پر اور متحد ہیں، اور بلوچستان سمیت پورے ملک میں امن و استحکام کا قیام ہمارا مشترکہ قومی عزم ہے۔