کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BBISE) کوئٹہ نے میٹرک سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ نتائج
کا اعلان چیئرمین بورڈ محمد اسحاق نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
نتائج کے مطابق بلوچستان ریزیڈینشل کالج ژوب کے طالب علم آفتاب عالم نے 1051 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی،
بی آر سی لورالائی کے محمد حاشر نے 1043 نمبر لے کر دوسری جبکہ تیسری پوزیشن مشترکہ طور پر محمد طفیل اور ثاقب علی کے حصے میں آئی، جنہوں نے
1038 نمبر حاصل کیے۔
امسال میٹرک کے امتحانات میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 48 ہزار 114 طلباء و طالبات نے شرکت کی، جن میں سے 1 لاکھ 870 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ مجموعی
کامیابی کا تناسب 68.10 فیصد رہا۔
تفصیلات کے مطابق جماعت نہم میں 69 ہزار 275 طلبہ شریک ہوئے، جن میں سے 32 ہزار 67 کامیاب ہوئے، یوں کامیابی کا تناسب 46.29 فیصد رہا۔
دوسری جانب جماعت دہم میں 78 ہزار 839 طلبہ نے شرکت کی، جن میں سے 68 ہزار 803 طلبہ کامیاب قرار پائے، اور کامیابی کا تناسب 87.27 فیصد ریکارڈ
کیا گیا۔
چیئرمین بورڈ کے مطابق امتحانات، مارکنگ اور رزلٹ کی تیاری کا عمل کنٹرولر امتحانات ابیدہ کاکڑ کی نگرانی میں مکمل کیا گیا۔
اس دوران ایک شکایت موصول ہوئی ہے جس پر تاحال فیصلہ نہیں کیا گیا، اور کارروائی سرکاری ضوابط کے مطابق جاری ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بعض امتحانی مراکز میں کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں جبکہ باقی مراکز میں یہ عمل جاری ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ سال 2026 تک تمام امتحانی مراکز کیمروں سے لیس ہوں گے۔
چیئرمین کے مطابق بلوچستان ریزیڈینشل کالج (BRC) کے طلبہ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے
کیونکہ وہ باقاعدہ ماک پیپرز کی تیاری کرتے ہیں۔ مائیگریشن کرنے والے طلبہ کی شرح صرف 1 فیصد رہی۔
مزید برآں، تعلیمی نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی کے لیے نئی تحقیق مکمل کر لی گئی ہے، جس کا تجزیہ جلد عوام کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔
محمد اسحاق کا کہنا تھا کہ تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں اور آئندہ سال 2026 میں نمایاں بہتری کی توقع ہے۔