کوئٹہ( خبردار رپورٹ ) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان یونیورسٹی صوبے کے ممتاز تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے جس کے فارغ التحصیل طلباء و طالبات اور ایلومنائی نے ہمیشہ قومی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ بلوچستان کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
گورنر بلوچستان نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور چوتھے صنعتی انقلاب کا دور ہے جہاں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI)، ڈیٹا سائنس، شمسی توانائی اور جدت طرازی نے ترقی کے روایتی تصورات کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اس بدلتے ہوئے دور میں محض روایتی ڈگریاں حاصل کرنا کافی نہیں ہے، بلکہ طلباء کو جدید مہارتیں، تخلیقی سوچ اور حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت پیدا کرنا ہوگی۔
خطبے کے دوران بلوچستان کے جغرافیائی اور معاشی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے گورنر جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس خطے کو قدرتی حسن، بے پناہ انسانی صلاحیتوں اور غیر معمولی جغرافیائی اہمیت سے نوازا ہے۔
بلوچستان وسطی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے لیے ایک اہم گزرگاہ کی حیثیت رکھتا ہے، جبکہ سی پیک کا مرکز گوادر محض ایک منصوبہ نہیں بلکہ ترقی اور مواقع کا ایک نیا دروازہ ہے۔
انہوں نے پرامید لہجے میں کہا کہ اگر ہم نوجوان نسل کو ہنر مند، تعلیم یافتہ اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ افرادی قوت بنانے میں کامیاب ہو گئے تو آنے والا مستقبل ہمارا ہوگا، اور بلوچستان کے عوام سی پیک اور ابھرتی ہوئی نئی علاقائی معیشت سے سب سے پہلے اور زیادہ مستفید ہوں گے۔