بھارتی ٹی وی اور فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار رماکانت دیاما 69 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم “چک دے انڈیا” سمیت متعدد معروف فلموں میں اپنی اداکاری کے باعث شہرت پانے والے رماکانت دیاما منگل کے روز دنیا سے رخصت ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اداکار کافی عرصے سے علیل تھے، تاہم ان کی وفات کی حتمی وجہ فوری طور پر سامنے نہیں آسکی۔
رماکانت دیاما کے انتقال کی تصدیق ان کی قریبی ساتھی اداکارہ شوبھانگی نے بھی کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پرانی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے جذباتی پیغام میں لکھا کہ رماکانت ایک باصلاحیت اداکار، مخلص دوست اور نہایت اچھے انسان تھے۔ ویڈیو میں انہیں دوستوں کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارتے دیکھا جا سکتا ہے۔