وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان ستحکم اور تیز رفتار معاشی ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

نیویارک: نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان مستحکم اور پائیدار معاشی ترقی کی جانب تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

اسحاق ڈار نے نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مئی کا مہینہ پاکستان کی تاریخ میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اسی ماہ ملک نے قومی عزم اور خودمختاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک سال قبل بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر اپنی دفاعی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا، جبکہ ملک خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور برآمدات میں اضافے سے زرمبادلہ کے ذخائر مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بے شمار صلاحیتوں سے مالا مال ملک ہے اور اس کا مستقبل روشن ہے۔

اسحاق ڈار نے وزیراعظم کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو معاشی مشکلات سے نکال کر استحکام کی راہ پر ڈال دیا ہے اور پاکستان اب بلند شرح نمو کے سفر کی جانب بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے امریکا میں مقیم پاکستانیوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاک امریکا تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں