میر رضا کو گولی پیچھے سے لگی، ابتدائی میڈیکل رپورٹ کی اہم تفصیلات سامنے آگئیں
کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کے کیس میں ابتدائی میڈیکل رپورٹ کی اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ میر رضا کو گولی جسم کے پچھلے حصے سے لگی، جبکہ جسم پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانزک ٹیم کو تحقیقات سے متعلق تمام 14 نکات کے جوابات موصول ہوگئے ہیں۔ واقعے کی مزید تحقیقات کے لیے 8 رکنی میڈیکل بورڈ رپورٹ تیار کر رہا ہے، جبکہ قبر کشائی کے دوران 17 مختلف سیمپلز بھی محفوظ کیے گئے تھے۔
ابتدائی رپورٹ کی روشنی میں تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کیے جانے کا امکان ہے۔ پولیس مختلف شواہد اور ممکنہ پہلوؤں کو سامنے رکھتے ہوئے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔
دوسری جانب تفتیش کے دوران میر رضا کے والد میر حسین کی ایک اہم آڈیو ریکارڈنگ بھی پولیس کے ہاتھ لگی ہے۔ ذرائع کے مطابق آڈیو میں میر حسین ’نور‘ نامی شخص سے قرض کی ادائیگی اور کراچی چھوڑ کر اسلام آباد منتقل ہونے سے متعلق گفتگو کرتے سنائی دیتے ہیں۔
آڈیو میں میر حسین مبینہ طور پر بتاتے ہیں کہ کراچی میں اب ان کا کوئی کام یا گھر نہیں رہا اور وہ اسلام آباد منتقل ہوچکے ہیں، جہاں انہیں سیلز کی ملازمت ملی ہے۔ وہ رقم کی ادائیگی کے لیے انتظام کرنے اور جلد واجبات ادا کرنے کی یقین دہانی بھی کراتے ہیں۔
پولیس آڈیو ریکارڈنگ اور دیگر شواہد کو تحقیقات کا حصہ بناتے ہوئے مختلف زاویوں سے کیس کی تفتیش آگے بڑھا رہی ہے۔
اس سے قبل ایک شخص نے پولیس کو میر رضا کی ایک آڈیو بھی فراہم کی تھی، جس میں وہ مبینہ طور پر مالی معاملات اور ادائیگیوں کا ذکر کرتے ہیں۔ آڈیو میں میر رضا نے مبینہ طور پر دس، دس لاکھ روپے کے تین چیکس لینے کی تجویز دی تھی۔
تفتیشی حکام دونوں آڈیو ریکارڈنگز کی صداقت اور قانونی حیثیت کا جائزہ لے رہے ہیں۔