گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات؛ امیدواروں میں مقابلے کے لیے ایک دن باقی

شگر (خصوصی رپورٹ) گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات 2026 کے معرکے میں اب صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے
7 جون کو ہونے والی پولنگ کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن اور انتظامیہ انتخابی عمل کی براہِ راست نگرانی میں مصروف ہیں جبکہ ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں سرگرمیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ انتخابی ماحول پوری طرح گرم ہے اور عوام کی نظریں کل ہونے والے اس بڑے سیاسی دنگل پر مرکوز ہو چکی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تمام پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں
اور مختلف علاقوں میں انتخابی سامان کی ترسیل کے ساتھ ساتھ پولنگ اسٹاف کی روانگی کا عمل آخری مرحلے میں داخل ہے۔
اس سلسلے میں پولنگ عملے کے لیے خصوصی ووٹنگ کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے جہاں عملہ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہا ہے۔
حکام نے سیکیورٹی کے حوالے سے انتہائی سخت اور فول پروف انتظامات کا دعویٰ کیا ہے۔ صرف ضلع شگر کے 71 پولنگ اسٹیشنز میں سے 17 کو ‘انتہائی حساس’ اور 26 کو ‘حساس’ قرار دیا گیا ہے،
جہاں سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
انتخابات کو پرامن اور شفاف بنانے کے لیے پنجاب پولیس کے اہلکار بھی گلگت بلتستان پہنچ چکے ہیں
جو مقامی پولیس کے ساتھ مل کر فرائض انجام دیں گے۔
اس کے علاوہ پاک فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ پر ہیں تاکہ ووٹرز اور پولنگ عملے کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
مبصرین کے مطابق عوام میں کل ہونے والے انتخابات کے حوالے سے جوش و خروش عروج پر ہے
اور ان انتخابات کے نتائج علاقے کے سیاسی مستقبل کے تعین میں انتہائی اہم کردار ادا کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں