آبنائے ہرمز: امریکا کا دو ایرانی ڈرونز گرانے کا اعلان

آبنائے ہرمز کے قریب ایک بار پھر کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں امریکی فورسز نے دو ایرانی حملہ آور ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ یہ ڈرونز ممکنہ طور پر تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے، جس پر امریکی فورسز نے کارروائی کی۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر عہدیدار کا کہنا تھا کہ واقعے کے باوجود آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے اور جہاز رانی متاثر نہیں ہوئی۔

یہ پیش رفت ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ممکنہ امن معاہدے کے حوالے سے مثبت اشارہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف نئے فوجی حملوں کے فیصلے کو فی الحال مؤخر کر دیا گیا ہے۔

اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ تنازع کے خاتمے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے اور امکان ہے کہ آئندہ چند روز میں کسی معاہدے کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ تاہم انہوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں