کوئٹہ / شیرانی (خبردار نیوز )خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے سرحدی علاقے دانہ سر کے مقام پر ایک انتہائی افسوسناک اور دلخراش ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے،
جہاں ایک مسافر بس بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں اب تک 24افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 10 مسافر شدید زخمی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) شیرانی حضرت ولی خان کاکڑ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افسوسناک واقعہ دانہ سر کے پہاڑی اور دشوار گزار موڑ پر پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ شیرانی کی ریسکیو ٹیمیں، لیویز فورس اور ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو آپریشن کی تفصیلات:
میڈیکل ایمرجنسی ریزیلینس سینٹر (MERC) کے سنٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کے مطابق، کھائی گہری ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تاہم ریسکیو ٹیمیں اور مقامی انتظامیہ موقع پر سرگرمِ عمل ہیں۔
اب تک معجزاتی طور پر 10 زخمی مریضوں کو کھائی سے زندہ نکال کر ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، جہاں انہیں فوری طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ریسکیو حکام نے اب تک24 جاں بحق افراد کی لاشیں بھی برآمد کر لی ہیں۔
ڈی سی شیرانی حضرت ولی کاکڑ کا کہنا ہے کہ بس سے زخمیوں اور لاشوں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور انتظامیہ صورتحال کی خود نگرانی کر رہی ہے۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جانی نقصان میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ MERC سنٹرل کمانڈ کے مطابق، جیسے ہی مزید تصدیق شدہ معلومات سامنے آئیں گی، میڈیا اور عوام کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

Leave a Reply