اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے برادر ملک سعودی عرب کے خلاف کیے جانے والے حالیہ حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسی کارروائیاں سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر براہِ راست حملہ ہیں۔
اپنے ایک خصوصی بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی قابلِ مذمت کارروائیاں خطے کے امن و استحکام کو شدید نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان حملوں کے خلاف برادر ملک کی سلامتی اور تحفظ کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہاکہ”پاکستان اس نازک وقت میں برادر مملکت سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے کی جانے والی تمام مخلصانہ کوششوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔”
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا یہ بیان پاک سعودی دیرینہ اور سٹریٹیجک تعلقات کا عکاس ہے، جہاں پاکستان نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں سعودی عرب کے دفاع اور سلامتی کے لیے صفِ اول میں کھڑے ہونے کے عزم کو دہرایا ہے۔
سعودی عرب پر حملے خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہیں، پاکستان برادر ملک کے ساتھ کھڑا ہے: شہباز شریف

Leave a Reply