کوئٹہ ( خبر دارنیوز ) پولیس ٹریننگ سینٹر (پی ٹی سی) کوئٹہ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر 800 لیویز اہلکاروں کو غیر قانونی طور پر روکے رکھنے اور ان سے مشقت لینے کے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔ انہوں نے ان خبروں کو حقائق کے منافی اور منفی پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق، لیویز اہلکاروں کی ٹریننگ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور امتحانات تقریباً مکمل ہو چکے ہیں۔
جبکہ امتحانات کا کچھ حصہ (فائرنگ ٹیسٹ) باقی ہے، جو ایمونیشن (گولہ بارود) موصول ہوتے ہی مکمل کرا لیا جائے گا۔ایمونیشن کی فراہمی اور فائرنگ ٹیسٹ کے بعد سالانہ نتائج مرتب کیے جائیں گے، جس کے فوراً بعد تمام اہلکاروں کو قواعد و ضوابط کے مطابق ان کے اپنے اضلاع روانہ کر دیا جائے گا۔
ترجمان نے واضح کیا کہ اس ریفریشر ٹریننگ کے دوران اہلکاروں کو 10 روزہ تعطیلات بھی دی گئی تھیں۔پی ٹی سی کوئٹہ میں دی جانے والی تربیت اور سہولیات ملک کے دیگر ٹریننگ مراکز کے مقابلے میں کہیں بہتر ہیں۔
ترجمان کے مطابق پی ٹی سی مرکز میں زیر تربیت تمام لیویز اہلکار اپنی ٹریننگ سے مکمل طور پر مطمئن اور منظم ہیں، اور مشقت یا غیر قانونی حراست جیسے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔