بلوچستان میں ضلع چاغی کی تقسیم، نئے ضلع ویسٹرن چاغی کے قیام اور ضلع واشک کی حدود میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری۔

بلوچستان: چاغی کو تقسیم کرکے ویسٹرن چاغی کے نام سے نیا ضلع قائم کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ: بلوچستان میں انتظامی تبدیلیوں کے تحت ضلع چاغی کو تقسیم کرکے ویسٹرن چاغی کے نام سے نیا ضلع قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ ضلع واشک کی حدود میں بھی ردوبدل کیا گیا ہے۔

گورنر بلوچستان کے حکم پر جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئے ضلع ویسٹرن چاغی کا ہیڈکوارٹر نوکنڈی مقرر کیا گیا ہے۔ نئے ضلع میں سب ڈویژن تفتان اور ماشکیل کے علاوہ تحصیل تفتان، تحصیل ماشکیل اور تحصیل نوکنڈی شامل ہوں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع چاغی کا ہیڈکوارٹر دالبندین ہی رہے گا۔ ضلع میں سب ڈویژن دالبندین اور چاغی کے ساتھ تحصیل دالبندین، تحصیل چاغی، تحصیل یک مچ اور سب تحصیل چارسر شامل ہوں گی۔

انتظامی حدود میں تبدیلی کے نتیجے میں ماشکیل کو ضلع واشک سے الگ کرکے نئے ضلع ویسٹرن چاغی کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ضلع واشک کی نئی حدود میں سب ڈویژن واشک، بسیمہ اور ناگ شامل ہوں گے، جبکہ تحصیل واشک، تحصیل بسیمہ، تحصیل ناگ اور سب تحصیل شاہو گوری بھی ضلع کا حصہ ہوں گی۔

ان انتظامی تبدیلیوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن گورنر بلوچستان کے حکم پر جاری کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں