وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا بڑا اقدام، 5 یتیم بہن بھائیوں کی کفالت کی ذمہ داری سنبھال لی

کوئٹہ (خصوصی رپورٹ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انسانی ہمدردی کی اعلٰی مثال قائم کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک یتیم اور بے سہارا بچے اور اس کے پورے خاندان کی سرپرستی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے ڈھابے پر مزدوری کرنے والے بچے منیر احمد سمیت اس کے تمام بہن بھائیوں کی مکمل کفالت اور تعلیمی اخراجات کی ذمہ داری خود اٹھا لی ہے۔
​ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ڈھابے پر کام کرنے والے یتیم بچے منیر احمد کو خصوصی طور پر بلوا کر ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے بچے کا حوصلہ بڑھایا اور اس کی اور اس کے خاندان کی ابتر حالت کا نوٹس لیا۔
​وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے فوری احکامات جاری کرتے ہوئے منیر احمد، اس کے چھوٹے بھائی اور تینوں بہنوں کو بہترین اسکولوں میں داخل کرانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے بچوں کو تعلیمی اداروں میں داخلے کے ساتھ ساتھ مناسب اور باوقار رہائش کی سہولت فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔
​وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پانچوں بے سہارا بچوں اور ان کی والدہ کی مکمل کفالت کی ذمہ داری اپنے ذاتی ذمے لیتے ہوئے اپنے عملے کے ذریعے نجی اخراجات سے تمام بچوں کو سردیوں کے کپڑوں اور دیگر ضروریات برائے “ونٹر شاپنگ” بھی کروائی۔
​اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بچوں کے روشن اور تابناک مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست اور حکومتِ بلوچستان کا فرض ہے کہ وہ ایسے بے سہارا بچوں کو چھت، تعلیم اور بہتر زندگی کا حق فراہم کرے تاکہ وہ معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں