بلوچستان حکومت نے مجھے سپورٹ کیا ہے باکسر سید بلال آغا

کویٹہ(خبردار نیوز) ساؤتھ ایشین باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے نامور باڈی بلڈر سید بلال آغا کا وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا۔
​مالدیپ میں منعقدہ ساؤتھ ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں پاکستان اور بلوچستان کا نام روشن کرنے والے گولڈ میڈلسٹ سید بلال آغا جب کویٹہ ایئرپورٹ پہنچے تو ان کے اہلخانہ، دوست احباب، شائقینِ کھیل اور محکمہ کھیل بلوچستان کے اعلیٰ حکام نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔
اس موقع پر ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ہار پہنائے گئے۔
​ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید بلال آغا نے اپنی تاریخی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا بے حد شکر ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “اس کامیابی کا تمام تر سہرا میرے والدین کی دعاؤں اور ٹرینرز کی دن رات کی محنت کے سر جاتا ہے۔”
​انہوں نے مزید کہا کہ “بلوچستان حکومت نے میری بہترین سرپرستی اور سپورٹ کی، جس پر میں ان کا مشکور ہوں۔
آئندہ بھی اپنے صوبے اور ملک کا نام روشن کرنے کے لیے مزید تمغے جیتنے کی پوری کوشش کروں گا۔”
​ایک سوال کے جواب میں انہوں نے وضاحت کی کہ وہ جس فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے کھیلتے ہیں وہ پاکستان سپورٹس بورڈ (PSB) سے باقاعدہ الحاق شدہ ہے۔
ماضی میں جو کچھ غلط فہمیاں پیدا ہوئی تھیں، اب وہ مکمل طور پر ختم ہو چکی ہیں اور ان کی تمام تر توجہ اب مستقبل کی پیش رفت پر مرکوز ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں