وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب نے 2010 کے این ایف سی ایوارڈ کے بعد سے اب تک بلوچستان کو 150 ارب روپے فراہم کیے ہیں۔
انہوں نے بلوچستان سے آنے والے شرکاء کو اسلام آباد میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پاکستان کے چاروں صوبوں کا مشترکہ دارالحکومت اور سب کا شہر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کے دورِ حکومت میں بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے، جبکہ موجودہ حکومت نے بھی بلوچستان کی جائز ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی بجٹ میں اضافی وسائل مختص کیے ہیں۔
انہوں نے مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے سرکاری محافظ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔
تقریب میں مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ، سینیٹر آغا شاہزیب درانی، وفاقی وزراء جمال کمال خان، خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، عطاء تارڑ، بلال اظہر کیانی سمیت دیگر وفاقی وزراء اور اراکین بھی موجود تھے۔