کوئٹہ (خبردار نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا ہے کہ ملک کو تقسیم کرنے کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں،
اور پاکستان یا بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی ہر سازش کو پوری قوت سے ناکام بنایا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں اینٹی ٹیررسٹ فورس ٹریننگ اسکول میں 20 ویں کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے بطورِ مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان اور کمانڈنٹ اے ٹی ایف اسد خان نے بھی خطاب کیا، جبکہ پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں نے اپنی پیشہ ورانہ اور جنگی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔
دہشت گردی کے خلاف سخت ریاستی عزم
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے پیچھے ایک منظم سازش ہے، جس کے تحت بدامنی پھیلا کر اس کا الزام ریاست پر ڈالنے کا پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بندوق کے زور پر نظریہ مسلط کرنے کی کوشش کرنے والوں کے سامنے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کبھی سرنڈر نہیں کریں گے اور ریاست اس جنگ میں ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔
سرفراز بگٹی نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی جیسے حساس قومی مسئلے کو سیاست کی نذر نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو سیاست کے بجائے قومی اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔
بلوچ نوجوانوں کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہیں ایک لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا گیا ہے، تاہم جو لوگ ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونا چاہتے ہیں، ریاست ان کی بحالی، تعلیم اور روزگار کے لیے مکمل معاونت فراہم کرے گی۔
وزیر اعلیٰ نے اے ٹی ایف میں شامل ہونے والی 3 خواتین کانسٹیبلز کی شمولیت کو دیگر خواتین کے لیے مشعلِ راہ اور باعثِ فخر قرار دیا۔