جشن آزادی کی تقریبات کا سلسلہ جاری، کوئٹہ میں ’’Run for Fun‘‘ میراتھن ریس کا انعقاد

کوئٹہ: 09 اگست: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات پر جشن آزادی کے سلسلے میں صوبے بھر میں مختلف تقریبات اور کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد بھرپور جوش و جذبے سے جاری ہے،
اسی سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں محکمہ کھیل و امور نوجوانان بلوچستان کے زیر اہتمام ’’Run for Fun‘‘ کے عنوان سے میراتھن ریس کا انعقاد کیا گیا جس میں 100 سے زائد نوجوان ایتھلیٹس نے بھرپور شرکت کی۔
میراتھن ریس ایئرپورٹ روڈ سے شروع ہو کر ایوب اسپورٹس کمپلیکس میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں نوجوان ایتھلیٹس نے بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا جبکہ شہریوں اور کھیلوں سے وابستہ حلقوں نے اس صحت مند سرگرمی کو سراہا۔
مقابلے میں نوجوان ایتھلیٹ عین اللہ نے پہلی، رحیم نے دوسری جبکہ محمد اکرم نے تیسری پوزیشن حاصل کی، نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے ایتھلیٹس میں میڈلز اور نقد انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر سیکرٹری کھیل و امور نوجوانان بلوچستان درا بلوچ اور ڈائریکٹر جنرل کھیل و امور نوجوانان بلوچستان ڈاکٹر یاسر بازئی سمیت محکمہ کھیل کے افسران، ایتھلیٹس اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
سیکرٹری کھیل و امور نوجوانان بلوچستان درا بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی کے سلسلے میں صوبے بھر میں کھیلوں سمیت مختلف سرگرمیوں پر مشتمل پروگرامز کا انعقاد کیا جا رہا ہے،
کوئٹہ میں ایوب اسپورٹس کمپلیکس اور شہر کے دیگر مقامات پر تقریباً 40 مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’Run for Fun‘‘ میراتھن ریس کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں اور شہریوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے،
کیونکہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کے لیے ضروری ہیں بلکہ نوجوانوں میں نظم و ضبط، برداشت، مثبت سوچ اور تعمیری رویوں کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر محکمہ کھیل و امور نوجوانان کے زیر اہتمام صوبے بھر میں میگا اسپورٹس فیسٹیول کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے تحت ضلعی ہیڈکوارٹرز کی سطح پر 10 گیمز، ڈویژنل سطح پر 12 گیمز جبکہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 40 مختلف کھیلوں پر مشتمل پروگرامز منعقد کیے جا رہے ہیں۔
سیکرٹری کھیل نے مزید کہا کہ کھیلوں کی یہ سرگرمیاں جشن آزادی 14 اگست کے بعد بھی جاری رہیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں
اور صوبے کے باصلاحیت نوجوان ایتھلیٹس کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے بھرپور پلیٹ فارم میسر آئے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں