پشین میں سرانان پولیس تھانے پر دہشت گردوں کا حملہ، عمارت تباہ

کوئٹہ (خبردار نیوز) پشین میں سرانان پولیس تھانے پر دہشت گردوں نے حملہ کرکے عمارت بارودی مواد سے تباہ کر دیا
ضلع پشین کے علاقے سرانان پولیس تھانے پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کرکے تھانے کی عمارت کو بارودی مواد کے ذریعے دھماکے سے اڑا دیا۔
پولیس کے مطابق حملہ آور تھانے میں موجود سرکاری اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس اہلکاروں کے مطابق مسلح افراد نے کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروں کو تھانے سے باہر نکال دیا،
جس کے بعد تھانے کی عمارت میں بارودی مواد نصب کرکے اسے دھماکے سے اڑا دیا گیا۔
دھماکا اس قدر شدید تھا کہ تھانے کی عمارت مکمل طور پر تباہ جبکہ قریبی دکانوں اور مکانات کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں تھانے میں موجود سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ کیس پراپرٹی کے طور پر موجود متعدد گاڑیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ حملہ آور کارروائی کے بعد تھانے میں موجود سرکاری اسلحہ اپنے ساتھ لے کر فرار ہوگئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ سکیورٹی صورتحال بھی تشویشناک ہوگئی۔
پولیس اہلکاروں کے مطابق واقعے کی اطلاع انتظامیہ کو دی گئی، تاہم ان کے بقول اطلاع کے باوجود انتظامیہ بروقت موقع پر نہیں پہنچ سکی۔
واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں کارروائی شروع کردی ہے،
جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری اور ان کے فرار کے راستوں کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں