بلوچستان میں تعلیم کی ترقی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ـسرفراز بگٹی

گوادر، 24 اگست۔ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن ”ہر بچہ اسکول میں“ اور صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے جاری اقدامات کے تحت گوادر کے مختلف علاقوں میں قائم 23 گرلز اسکولوں کے کلسٹر بجٹ متعلقہ کلسٹر ہیڈز کے حوالے کر دیے گئے۔ اس سلسلے میں رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فیمیل) زراتون بلوچ نے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول سربندن کا دورہ کیا اور اسکولوں کی تعلیمی و انتظامی ضروریات کا جائزہ لیا۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اسکول کی مختلف کلاسز کا معائنہ کیا، اساتذہ اور طالبات سے ملاقات کی
اور تعلیمی سرگرمیوں، دستیاب سہولیات اور درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کلاس رومز میں جاری تدریسی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے اساتذہ پر زور دیا کہ طالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور ان کی تعلیمی صلاحیتوں میں بہتری کے لیے موثر اقدامات جاری رکھے جائیں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فیمیل) زراتون بلوچ، یونین کونسل سربندن کے چیئرمین نصیب نوشیروانی، ہیڈ ماسٹر عبداللہ داود، کلسٹر ہیڈز اور محکمہ تعلیم کے دیگر متعلقہ افسران و نمائندگان بھی موجود تھے۔دورے کے دوران سربندن، گراب، نگور، شنکانی در، کپر اور کلانچ کے علاقوں میں قائم تمام گرلز اسکولوں کے کلسٹر بجٹ متعلقہ کلسٹر ہیڈز کے حوالے کیے گئے۔
کلسٹر بجٹ کی فراہمی سے ان اسکولوں کی بنیادی تعلیمی و انتظامی ضروریات پوری کرنے، دستیاب سہولیات میں بہتری لانے اور طالبات کے لیے مزید بہتر و سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کلسٹر ہیڈز اور اساتذہ پر زور دیا کہ دستیاب وسائل کو شفافیت، میرٹ اور ضرورت کی بنیاد پر استعمال کیا جائے تاکہ بجٹ کے ثمرات براہِ راست طلبہ و طالبات تک پہنچیں
اور اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں سمیت بنیادی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر میں تعلیم کا فروغ، بالخصوص بچیوں کو معیاری تعلیم اور بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
اسکولوں کے دوروں کا مقصد تعلیمی اداروں کی زمینی صورتحال کا براہِ راست جائزہ لینا، اساتذہ اور طالبات کے مسائل سننا اور دستیاب وسائل کو موثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق ”ہر بچہ اسکول میں“ کے ہدف کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی، معیارِ تعلیم میں بہتری اور اسکول سے باہر بچوں کو تعلیمی دھارے میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں