کوئٹہ میں غیر قانونی منی پیٹرول پمپس کے خلاف کریک ڈاؤن، 63 پمپ سیل، 72 افراد گرفتار

کوئٹہ: غیر قانونی منی پیٹرول پمپس کے خلاف کریک ڈاؤن، 63 پمپ سیل، 72 افراد گرفتار

کوئٹہ میں آبادی والے علاقوں میں قائم غیر قانونی منی پیٹرول پمپس کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے 63 پمپ سیل اور 72 افراد کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق کارروائیاں پشتون آباد، جوائنٹ روڈ، سرکی روڈ، فقیر محمد روڈ، میہانگی روڈ، کاسی روڈ، عالموں چوک، ایئرپورٹ روڈ، نوحصار کلی، سمنگلی اور خروٹ آباد سمیت مختلف علاقوں میں کی گئیں۔

کارروائیاں اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد امیر حمزہ، اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد یوسف ہاشمی، اسسٹنٹ کمشنر کچلاک کیپٹن (ر) کبیر مزاری اور اسپیشل مجسٹریٹ اعجاز حسین کھوسہ کی نگرانی میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی ٹیموں نے انجام دیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پشین اسٹاپ کے حالیہ واقعے کے بعد غیر قانونی منی پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی مزید سخت کردی گئی ہے۔ آبادی والے علاقوں میں ایسے پمپس سے آتشزدگی اور دیگر حادثات کا خطرہ موجود رہتا ہے، اس لیے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی منی پیٹرول پمپس کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری رکھا جائے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں