کوئٹہ (خبردار ڈیسک): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع آواران میں آپریشن ‘ردّ الفتنہ 3’ کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے چار خوارج کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کو مبارکباد پیش کی ہے۔
ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مصدقہ اطلاعات پر کارروائی اور جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔
چار خوارج کی ہلاکت اور ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں عسکری سامان و آلات کی برآمدگی دہشت گردی کے خلاف فورسز کی مؤثر حکمت عملی اور اہم کامیابی کا ثبوت ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ سیکیورٹی فورسز تمام تر قوت اور عزم کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام امن کے دشمنوں کو مکمل مسترد کرتے ہیں اور سیکیورٹی فورسز کے بہادر اہلکاروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی جانے والی قوم کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔