کوئٹہ ( خبردار نیوز ) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے پشین زیارت کراس پر نامعلوم مسلح افراد نے پولیس چوکی اور کسٹم ویئر ہاؤس پر حملہ کر دیا۔
اس دہشتگردانہ کارروائی کے نتیجے میں 5 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق، رات گئے مسلح افراد نے زیارت کراس پر واقع پولیس چوکی اور کسٹم ویئر ہاؤس کو بیک وقت نشانہ بنایا۔
حملے کے آغاز ہی میں سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے اس تبادلے کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے ویئر ہاؤس میں کھڑی متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی، جس سے گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔
آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کی ریسکیو ٹیمیں اور فائر ٹینڈرز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق، ویئر ہاؤس میں کھڑی گاڑیوں میں لگنے والی آگ پر طد جدوجہد کے بعد قابو پا لیا گیا ہے جبکہ علاقے میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔
اس کے علاوہ، پی ڈی ایم اے کی 12 ایمبولینسیں بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موقع پر موجود رہیں۔
حملے کے نتیجے میں 5 سیکیورٹی اہلکار جام شہادت نوش کر گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق، جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے فورا بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن کا آغاز کر دیا ہے تاکہ فرار ہونے والے حملہ آوروں کو گرفتار کیا جا سکے.