آل بلوچستان ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کا حکومتی اقدام کا بھرپور خیرمقدم

آل بلوچستان ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر الطاف حسین گجر، حاجی شوکت جدون، ملک اسلم، حاجی یونس، حاجی باسط، حاجی ماجد، بلال جدون، حاجی عبدالباری جدون، عرفان گجر، عرفان خلجی، حاجی خادم حسین مینگل اور محمد احسن سمیت ایسوسی ایشن کے تمام ممبران نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی صاحب کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی صاحب کی جانب سے ناقص، ایکسپائر، کیمیکل شدہ خشک دودھ کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کے اقدام کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔

ایسوسی ایشن اس اقدام کو عوام کے بہترین مفاد اور بلوچستان کی ڈیری صنعت کے لیے انتہائی خوش آئند اور مثبت پیش رفت قرار دیتی ہے اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی صاحب اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی صاحب کو اس اہم اقدام پر خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

آل بلوچستان ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے ہمیشہ ناقص، ایکسپائر، کیمیکل شدہ اور خشک دودھ کے مسئلے کو متعلقہ حکام کے سامنے اجاگر کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کا مؤقف رہا ہے کہ غیر معیاری دودھ نہ صرف مقامی ڈیری فارمرز اور بلوچستان کی ڈیری صنعت کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے بلکہ عوامی صحت کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ ہے۔

خصوصاً بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کے لیے غیر معیاری اور کیمیکل شدہ دودھ مختلف بیماریوں اور صحت کے مسائل کا باعث بن سکتا ہے۔ اس لیے عوام کو خالص، صاف اور معیاری دودھ کی فراہمی یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ایسوسی ایشن کو امید ہے کہ ناقص، ایکسپائر، کیمیکل شدہ اور خشک دودھ کے خلاف عائد کی گئی پابندیوں پر سختی سے اور بلاامتیاز عملدرآمد کیا جائے گا، جس سے ایک طرف عوام کو معیاری دودھ دستیاب ہوگا جبکہ دوسری جانب مقامی ڈیری فارمرز اور بلوچستان کی ڈیری صنعت کو فروغ ملے گا۔

آل بلوچستان ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی صاحب کی ہدایت اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی صاحب کے اس اہم اقدام کو سراہتے ہوئے حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو یقین دلاتی ہے کہ ایسوسی ایشن عوام کو معیاری دودھ کی فراہمی اور بلوچستان کی ڈیری صنعت کے تحفظ و فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

آل بلوچستان ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن
صدر: الطاف حسین گجر
تمام عہدیداران و ممبران

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں