ہرنائی: کوئلہ کان میں زہریلی گیس بھرنے سے 1 کانکن جاں بحق، 4 زخمی، 3 اب بھی پھنسے ہوئے

ہرنائی (خصوصی رپورٹ عارف ترین): شاہرگ میں واقع پی ایم ڈی سی کی کوئلہ کان نمبر 151 میں زہریلی گیس بھرنے کے باعث دم گھٹنے کا شدید حادثہ پیش آیا ہے،
جس کے نتیجے میں ایک کانکن جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔
پولیس اور انتظامیہ کی دیکھ بھال میں ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ اندر پھنسے مزید 3 کانکنوں کو محفوظ باہر نکالا جا سکے۔
​تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ ٹھیکیدار فاروق ملیزئی کی کول مائن میں پیش آیا جہاں اچانک زہریلی گیس بھر گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
​پولیس ذرائع کے مطابق کان سے نکالے گئے 4 زخمی کانکنوں کو فوری طور پر شاہرگ ہسپتال منتقل کیا گیا،
جہاں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ان کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔
متاثرہ اور زخمی ہونے والے تمام کانکنوں کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع سوات سے بتایا جا رہا ہے۔
​انتظامیہ اور ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کان کے اندر باقی ماندہ پھنسے ہوئے 3 کانکنوں کو جلد از جلد نکالنے کے لیے تمام تر وسائل کا استعمال کیا جا رہا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں