کوئٹہ( خبردار صحت رپورٹ ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بریسٹ کینسر سے آگاہی کے ماہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بریسٹ کینسر کے خلاف جنگ میں آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج تک رسائی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص سے علاج کے امکانات نمایاں طور پر بہتر ہو سکتے ہیں، اس لیے خواتین علامات کو نظر انداز کرنے کے بجائے فوری طور پر کسی مستند معالج سے رجوع کریں۔
وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ اس موذی مرض سے متعلق خوف، غلط فہمیوں اور سماجی جھجک کو دور کرنے کے لیے مؤثر آگاہی مہمات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
خواتین کو مشورہ دیتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وہ اپنی صحت کو ترجیح دیں اور جسم میں کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کی صورت میں فوری طبی مشورہ حاصل کریں۔
انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں کی خواتین تک بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی، اسکریننگ اور علاج کی سہولیات کی رسائی کو بہتر بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپیل کی کہ بریسٹ کینسر سے متاثرہ خواتین کو خوف یا تنہائی کا شکار ہونے کے بجائے بھرپور حوصلہ اور سماجی تعاون فراہم کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس بیماری کے خلاف مؤثر جدوجہد کے لیے خاندانوں، طبی ماہرین، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کو مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج ہی خواتین کے لیے بہتر مستقبل کی بنیاد ہیں۔