کوئٹہ (اسپیشل رپورٹر)وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کی زیر صدارت پشین میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق ایک اہم اور اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،
جس میں ضلع پشین میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں چیئرمین پی اے سی اصغر ترین، اراکینِ صوبائی اسمبلی سید ظفر آغا، اسفندیار کاکڑ کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، کمشنر پشین ڈویژن، ڈی آئی جی، ڈی پی او، پشین کے قبائلی عمائدین اور علماء کرام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے دوران حکام کی جانب سے پشین میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ پشین سمیت صوبے بھر میں عوام کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو سخت ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پشین اور دیگر ملحقہ علاقوں میں جرائم پیشہ اور شرپسند عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں مزید تیز اور سخت کی جائیں تاکہ عوام میں احساسِ تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔