قلعہ سیف اللہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن: فتنہ الخوارج کا اہم دہشت گرد کمانڈر ہلاک، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی

کوئٹہ (خبر دار رپورٹ ) قلعہ سیف اللہ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے ایک اہم دہشت گرد کمانڈر کو ہلاک کر دیا ہے۔ اس کامیاب کارروائی پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور معاون وزیر اعلیٰ برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ آپریشن “ردالفتنہ 3” کے تحت دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کی عکاس ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کے لیے دہشت گردوں، ان کے مالی معاونین اور سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں ناگزیر ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے عزم ظاہر کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی، اور پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
ادھر معاون وزیر اعلیٰ برائے اطلاعات شاہد رند نے بھی سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کی قربانیاں اور خدمات لائقِ تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے کمانڈر کے خلاف یہ کامیاب کارروائی امن دشمن عناصر کے خلاف مؤثر حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں