اسلام آباد، 12 نومبر 2026
بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 بلوچستان کے وسیع معدنی وسائل، سرمایہ کاری کے امکانات اور معاشی استعداد کو قومی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے سامنے اجاگر کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے جہاں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے، معدنی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے بلال خان کاکڑ نے کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں بلوچستان کی شرکت کا مقصد صوبے کے معدنی ذخائر اور سرمایہ کاری کے مواقع کو مؤثر انداز میں پیش کرنا اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنا ہے
انہوں نے کہا کہ بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ، سرمایہ کاروں کی سہولت کاری اور کاروباری مواقع کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
معدنی وسائل کی مؤثر ترقی سے نہ صرف صوبائی معیشت کو تقویت ملے گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور مقامی آبادی کے لیے معاشی سرگرمیوں کے نئے راستے بھی کھلیں گے۔
وائس چیئرمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل کو ذمہ دارانہ اور پائیدار انداز میں بروئے کار لانے کے لیے سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط اور تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔