بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آپریشن 8دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد (ویب ڈیسک )بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جبکہ کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے ایک میجر سمیت دو جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
​پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان کے علاقوں کولپور، کاردگاپ اور نوشکی کے گردونواح میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔
کولپور میں کی گئی کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم “فتنہ الہندوستان” کے 8 دہشت گرد مارے گئے، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل ہے۔ آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
​آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این 40 پر سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے گشت اور ایریا ڈومینیشن کا عمل جاری تھا کہ اس دوران دہشت گردوں نے فوجی گاڑیوں پر مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے حملہ کر دیا۔ حملے کے نتیجے میں ضلع چکوال سے تعلق رکھنے والے میجر عمر منہاس ناصر اور کوٹلی ستیاں کے رہائشی حوالدار محمد عدنان خان نے جامِ شہادت نوش کیا۔
​ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارت اور دیگر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پشت پناہی اور مالی معاونت سے فتنہ الہندوستان دہشت گردی کی کارروائیوں میں ڈرونز، آئی ای ڈیز اور جدید ٹیکنالوجی استعمال کر رہا ہے تاکہ شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جا سکے۔
​آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ سیکیورٹی فورسز ابھرتے ہوئے خطرات سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور دہشت گردوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں فورسز کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔
شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، اور “عزمِ استحکام” کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشنز پوری قوت سے جاری رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں