استنول (نیوز ڈیسک ) وزیرِ اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف ترک صدر رجب طیب ایردوان کی خصوصی دعوت پر انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کے لیے ترکیہ میں موجود ہیں۔
اس دورے کا مقصد عالمی سفارت کاری میں پاکستان کے کردار کو نمایاں کرنا اور برادر ملک ترکیہ کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔
وزیرِ اعظم آج انطالیہ میں منعقدہ پانچویں ڈپلومیسی فورم کے ایک اہم سیشن میں شرکت کریں گے۔ اس سیشن کا عنوان “آئندہ کل کے لائحہ عمل و غیر یقینی صورتحال کا انتظام” رکھا گیا ہے۔
وزیرِ اعظم لیڈرز پینل کے دوران عالمی اور علاقائی مسائل پر پاکستان کا موقف بھرپور انداز میں پیش کریں گے۔
انطالیہ ڈپلومیسی فورم دنیا بھر کے لیڈرز، ماہرین اور سفارت کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتا ہے تاکہ موجودہ دور کے پیچیدہ مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے۔
وزیرِ اعظم کی شرکت سے پاکستان کو درپیش چیلنجز اور عالمی امن کے لیے ملک کی کوششوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔