پشاور (نیوز ڈیسک)
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے حالیہ واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو ایک تعزیتی خط ارسال کیا ہے۔
اپنے خط اور میں وزیر اعلیٰ نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمی ہونے والے معصوم افراد کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ دہشت گردی کے اس کٹھن وقت میں خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام پوری طرح سے شہداء کے لواحقین اور بلوچستان کے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پوری قوم کے امن و استحکام کے لیے ایک مشترکہ چیلنج ہے، جس کا ملک و قوم مل کر مقابلہ کر رہے ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے امن کی خاطر بلوچستان کے غیور عوام، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قربانیاں انتہائی قابلِ تحسین ہیں اور دہشت گردی کے خلاف دی جانے والی ان قربانیوں کو تاریخ میں ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے خط کے آخر میں شہداء کے درجات کی بلندی، پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل اور واقعے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔