پاکستان کے معروف کرکٹ شائقین اور قومی ٹیم کے پرجوش سپورٹر “چاچا کرکٹ” نے کرکٹ سپورٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے معروف اور پرجوش سپورٹر عبدالجلیل المعروف “چاچا کرکٹ” نے رواں سال کرکٹ سپورٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ آسٹریلیا کے خلاف لاہور میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کی آخری بار اسٹیڈیم میں بیٹھ کر حوصلہ افزائی کریں گے۔

77 سالہ چاچا کرکٹ نے 1968 میں انگلینڈ کے دورۂ پاکستان کے دوران پہلی مرتبہ اسٹیڈیم میں کرکٹ میچ دیکھا، جبکہ 1980 اور 1990 کی دہائی میں شارجہ اسٹیڈیم میں ان کی منفرد موجودگی نے انہیں دنیا بھر کے کرکٹ شائقین میں مقبول بنا دیا۔ سبز لباس اور پرجوش انداز ان کی پہچان بن گیا۔

انہوں نے کئی دہائیوں تک پاکستان کرکٹ ٹیم کی حمایت کے لیے دنیا بھر کے میدانوں کا رخ کیا اور اپنی زندگی کا بڑا حصہ اسی مقصد کے لیے وقف رکھا۔ 1999 کے ورلڈ کپ سمیت متعدد اہم ٹورنامنٹس میں وہ قومی ٹیم کے ساتھ نظر آئے۔

چاچا کرکٹ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے آبائی علاقے سیالکوٹ کے قریب ایک کرکٹ میوزیم اور ریسٹورنٹ قائم کرنا چاہتے ہیں، جہاں ان کی یادگار اشیاء محفوظ کی جائیں گی۔ ان کے مطابق پاکستان کے 500 میچز میں ٹیم کی سپورٹ کرنا ان کا خواب تھا، جو اب پورا ہو چکا ہے۔

انہوں نے 1986 کے شارجہ کپ میں جاوید میانداد کے تاریخی چھکے اور 2017 چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف فتح کو اپنی یادگار خوشیوں میں شامل قرار دیا، جبکہ 2011 ورلڈ کپ سیمی فائنل اور 2024 ٹی20 ورلڈ کپ کی شکستیں ان کے لیے مایوس کن لمحات رہیں۔

ریٹائرمنٹ کے اعلان کے باوجود چاچا کرکٹ پاکستان ٹیم کے روشن مستقبل کے لیے پُرامید ہیں۔ اپنے مخصوص انداز میں انہوں نے کہا، “کھیل میں جیت اور ہار ساتھ ساتھ چلتی ہیں، کبھی خوشی ملتی ہے اور کبھی مایوسی، لیکن یہی کھیل کا حسن ہے۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں