گوادر: بلوچستان کے ساحلی اور اقتصادی اہمیت کے حامل شہر گوادر میں فضائی رابطوں کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے،
جہاں ساؤتھ ایئر پرائیویٹ لمیٹڈ کی پہلی آزمائشی (Proving) پرواز کامیابی کے ساتھ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی۔
آزمائشی پرواز کے لیے ATR 72-600 طیارہ استعمال کیا گیا۔
ساؤتھ ایئر کی جانب سے فضائی آپریشنز کے آغاز سے گوادر کو ملک کے مختلف اہم شہروں اور علاقوں سے مربوط کرنے میں مدد ملے گی۔
مجوزہ فضائی نیٹ ورک کے تحت گوادر کو تربت، پنجگور، کوئٹہ، سکھر، لاہور، اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں سے فضائی سہولت میسر آئے گی،
جس سے عوام کو محفوظ، تیز اور مؤثر سفری سہولیات حاصل ہوں گی۔گوادر، جو پاکستان کی اقتصادی ترقی، بحری تجارت اور علاقائی روابط کے حوالے سے خصوصی اہمیت کا حامل شہر ہے،
وہاں نئی فضائی سروسز کے آغاز سے سیاحت، سرمایہ کاری، تجارت اور کاروباری سرگرمیوں کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔
اس اقدام سے نہ صرف علاقائی رابطوں میں بہتری آئے گی بلکہ مقامی معیشت کو تقویت ملنے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے میں بھی مدد ملے گی۔
نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ساؤتھ ایئر کی کامیاب آزمائشی پرواز کو گوادر کی ترقی، بہتر سفری سہولیات اور بلوچستان میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔