کوئٹہ (اسپیشل رپورٹر) بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر مسلح افراد کی جانب سے مال بردار ٹرکوں کو نذرِ آتش کیے جانے کے واقعات کے خلاف آج صوبے بھر میں مکمل پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔
ہڑتال کی کال چیمبر آف کامرس، ٹرانسپورٹ تنظیموں، تاجر برادری اور مائنز اونرز کی جانب سے مشترکہ طور پر دی گئی ہے۔
ہڑتال کے باعث کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور دکانیں مکمل طور پر بند ہیں، جبکہ قومی شاہراہوں پر پہیہ جام ہونے کی وجہ سے مال بردار اور مسافر گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہو کر رہ گئی ہے۔
چیمبر آف کامرس اور تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ صوبے کی شاہراہوں پر آئے روز ٹرکوں کو جلائے جانے سے ٹرانسپورٹرز، تاجروں اور مائنز اونرز کو کروڑوں روپے کا بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے، جس کی وجہ سے کاروبار کرنا مخدوش ہو چکا ہے۔
انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے شدید الفاظ میں مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان کی تمام قومی شاہراہوں کو فوری طور پر محفوظ بنایا جائے اور تاجروں و ٹرانسپورٹرز کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
چیمبر آف کامرس کے نمائندوں نے واضح کیا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے اور شاہراہوں پر امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہوتی، تب تک شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔