بلوچستان گرینڈ الائنس کا صوبے بھر کے سرکاری دفاتر میں لاک ڈاؤن، دفاتر پر سیاہ جھنڈے لہرا دیے گئے

کوئٹہ (بیورو رپورٹ)بلوچستان گرینڈ الائنس نے اپنے مطالبات کے حق میں صوبے بھر کے سرکاری دفاتر میں باقاعدہ لاک ڈاؤن شروع کر دیا ہے،
جس کے تحت احتجاجاً تمام سرکاری دفاتر پر سیاہ جھنڈے لہرا دیے گئے ہیں۔ دفاتر کی بندش کے باعث سرکاری امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
بلوچستان گرینڈ الائنس کے صدر قدوس کاکڑ نے احتجاجی شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ تحریک کے اگلے مرحلے میں 15 جون کو کوئٹہ پریس کلب کے باہر ایک بڑا احتجاجی کیمپ قائم کیا جائے گا،
جبکہ اسی روز صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں ضلعی سطح پر بھرپور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
قدوس کاکڑ نے حکومت کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی بجٹ کے پیش کیے جانے کے روز کوئٹہ میں ایک عظیم الشان اور پرامن دھرنا دیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ الائنس کا یہ احتجاج اس وقت تک ختم نہیں ہوگا جب تک حکومت ان کے پیش کردہ 12 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر مکمل طور پر عملدرآمد نہیں کرتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں