کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر )بلوچستان کا مالی سال 27-2026 کا سالانہ بجٹ 17 جون کو صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کا بجٹ صوبائی وزیر خزانہ شعیب نوشیروانی صوبائی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پیش کریں گے۔
محکمہ خزانہ بلوچستان کے حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ روایتی طور پر سرپلس (بچت کا بجٹ) اور ٹیکس فری ہوگا،
جس میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔ صوبائی بجٹ کا مجموعی حجم 1200 ارب روپے تک ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے بجٹ میں تعلیم اور ترقیاتی کاموں کو سب سے زیادہ ترجیح دی گئی ہے۔
محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ بجٹ میں سب سے زیادہ رقم محکمہ تعلیم کے لیے مختص کی جا رہی ہے، جس کا حجم ڈیڑھ سو (150) ارب روپے ہوگا۔
صوبائی ملازمین کے لیے ریلیف کے حوالے سے محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت کی طرز پر کیا جائے گا،
جس کا حتمی اعلان بجٹ تقریر کے دوران صوبائی وزیر خزانہ کریں گے۔